منگلورو،6؍جولائی (ایس او نیوز) کرناٹک میں کورونا معاملات میں کمی آنے کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے مذہبی مقامات کو کھولنے کی اجازت دیئے جانے پر ریاست بھر کی مسجدیں کھل چکی ہیں اور مسلمان مسجدوں میں جاکر نماز ادا کررہےہیں، اس موقع پر مینگلور میں ضلع جنوبی کینرا کے قاضی اور اڈپی میں مسلم فیڈریشن نے لوگوں سے مسجدوں میں نماز ادا کرتے وقت کورونا سے متعلق رہنما ہدایات پر عمل کرنے کی درخواست کی ہے۔
قاضی الحاج تواکا احمد مسلیار نے کمیونٹی کے ارکان سے مسجد میں نماز کے لئے آنے سے قبل گھر سے وضو کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے گھر سے جائے نمازلانے کی بھی اپیل کی ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ماسک پہننا لازمی ہے اور سماجی فاصلہ بھی برقرار رکھنا چاہیے، نیز کووڈ پروٹوکول پر عمل کیا جانا چاہیے۔
اڈپی ضلع مسلم فیڈریشن نے کہا ہے کہ تمام ارکان کو چاہیے کہ وہ کورونا کی وبا سے لڑنے کے لئے اصولوں پر عمل کرنے کے لئے دیگر لوگوں کو ترغیب دیں۔ فیڈریشن کے چیئرمین ابراہیم صاحب کوٹا نے مسجدوں میں سماجی دوری برقرار رکھنے اور ماسک لگانے کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں اس تعلق سے ضلع انتظامیہ، محکمہ صحت اور حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔‘‘